ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کہرے کی زد میں شمالی ہندوستان،دہلی میں آلودگی میں کمی، سردی میں اضافہ

کہرے کی زد میں شمالی ہندوستان،دہلی میں آلودگی میں کمی، سردی میں اضافہ

Tue, 15 Dec 2020 19:56:52  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی،15 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)نصف دسمبر گزر چکا ہے اور اب شمالی ہندوستان میں دھند کی ایک موٹی چادر چھائی ہوئی ہے۔ دہلی میں درجہ حرارت میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے دو تین دن میں رات کے وقت درجہ حرارت میں تین سے پانچ ڈگری کمی ہوسکتی ہے۔

دہلی میں آلودگی کی سطح منگل کودرمیانہ زمرے میں رہی جو دہلی کے حساب سے بہتر ہے۔ دراصل دہلی اور گردونواح میں سرد ہوا چل رہی ہے، جس کی وجہ سے آلودگی کے ذرات بکھررہے ہیں۔ گزشتہ دو تین دن سے دھوپ بھی نکل رہی ہے، تاہم سرد ہواؤں کے چلنے کی وجہ سے سردیوں میں اضافہ ہواہے۔

محکمہ موسمیات نے پیر کو بتایا تھا کہ اس وقت دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ریکارڈ کیا جارہا ہے جو عام دنوں سے چار ڈگری کم ہے، جو اس ماہ میں اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔ تاہم تیز ہوا کی رفتار کی وجہ سے ہوا کا معیار بہتر ہوا ہے اور یہ درمیانہ زمرے زمرے میں آگیا ہے۔

واضح رہے کہ دہلی کا ہوا کا معیار اتوار کے روز’انتہائی ناقص‘ زمرے میں درج کیا گیا تھا، لیکن پیر کو اس میں بہتری آئی اور اسے ’درمیانہ‘زمرہ میں درج کیا گیا۔ صفر سے 50 کے درمیان اے کیوآئی’اچھا‘، 51 اور 100 کے درمیان’اطمینان بخش‘، 101 سے 200 ’درمیانہ‘، 201 سے 300 ’خراب‘، 301 سے 400 ’بہت خراب‘ اور 401 سے500 کے درمیان ’سنگین‘ زمرے میں سمجھا جاتا ہے۔فی الحال دہلی کا کم سے کم درجہ حرارت 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

تاہم دہلی سمیت دیگر شمالی ریاستوں کے کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے یہ مغربی ہمالیہ سے میدانی علاقوں کی طرف چلنے والی سرد ہواؤں کی وجہ سے ہے۔اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سردی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ ہریانہ، چندی گڑھ اور شمال مغربی راجستھان میں بھی سردی کی صورتحال برقرار رہے گی۔ درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے شمالی ہندوستان کے بیشتر علاقوں میں دھند کا اثر نظر آنے لگا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہاکہ اگلے چار دنوں کے دوران شمال مغربی ہندوستان کے بیشتر علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں تین سے پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی واقع ہوگی۔محکمہ موسمیات نے گذشتہ ماہ دسمبر،فروری کے لئے پیش گوئی کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ رات کا درجہ حرارت معمول سے کم رہے گا۔ اگلے دو تین دن میں درمیانہ اور مشرقی ہندوستان میں کم سے کم درجہ حرارت میں زیادہ تبدیلی نہیں ہوگی۔ اس کے بعد درجہ حرارت میں دو سے چار ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی واقع ہوگی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 16 اور 18 دسمبر کے درمیان تمل ناڈو، پڈوچیری، کرائیکل، کیرالہ، ماہے اور لکش دیپ میں بارش ہوسکتی ہے۔


Share: